گزشتہ کچھ دنوں سے بہار کی 10 سالہ بچی سیما کی وہ ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک پیر سے کودتی ہوئی اسکول جا رہی ہے۔ ایک پیر سے محروم سیما کی اس ویڈیو نے کئی لوگوں کی آنکھیں نم کر دی اور نتیجہ یہ ہوا کہ کئی لوگ اس کی مدد کے لیے آگے آئے۔ پہلے اسے ٹرائی سائیکل مہیا کرائی گئی، اور اب اسے دوسرا پیر بھی مل گیا ہے۔ یعنی اب اسے ایک پیر پر کودتے ہوئے اسکول نہیں جانا پڑے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع انتظامیہ کی مدد سے محکمہ تعلیم نے سیما کو مصنوعی پیر لگا دیا ہے۔ ضلع ایجوکیشن افسر کپل دیو تیواری کی موجودگی میں ڈاکٹروں کی ٹیم نے سیما کو یہ مصنوعی پیر لگایا۔ بعد ازاں کپل دیو تیواری نے کہا کہ ’’بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ اب بچی کو یہ احساس نہیں ہوگا کہ اس کے پاس دوسرا پیر نہیں۔ دیگر بچوں کی طرح یہ بھی اسکول چل کر جائے گی اور اپنے دونوں پیروں پر واپس گھر آئے گی۔‘‘
غور طلب ہے کہ سیما اپنے والدین کے ساتھ کھیرا ڈویژن واقع نکسل متاثرہ علاقہ فتح پور گاؤں میں رہتی ہے۔ دو سال قبل ایک سڑک حادثے میں وہ ایک پیر سے محروم ہو گئی۔ اس کے باوجود سیما کا حوصلہ کم نہیں ہوا اور اس نے ایک پیر سے ہی زندگی کا سفر طے کرنے کا عزم کیا۔ سیما کے والدین کہتے ہیں کہ وہ اسکول جانے سے لے کر اپنا سارا کام بغیر کسی مدد کے کرتی ہے۔