زیادہ دن نہیں ہیں جب آر آر بی-این ٹی پی سی کا امتحان ہونا ہے۔ ایسے میں کئی امتحان دہندگان اس بات کو لے کر پریشان ہیں کہ ہزار کلومیٹر دور رکھے گئے امتحان مراکز تک وہ پہنچیں کیسے! گرمی کی تعطیلات کے سبب ریل ٹکٹ دستیاب نہیں، جو ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ایسے میں امن خان نامی ایک امیدوار نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ورون گاندھی سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر مدد کی اپیل کی۔ اس پر انھیں ورون گاندھی کی طرف سے مثبت رد عمل ملا ہے۔
دراصل امن خان نے وَرون گاندھی کو ٹیگ کرتے ہوئے 4 جون کو ٹوئٹ کیا کہ ’’میرا آر آر بی-این ٹی پی سی کا پیپر ناسک میں ہے، جبکہ میں یوپی کے جھانسی کے ایک گاؤں کا رہنے والا ہوں۔ گھر سے 950 کلومیٹر دور ہے، وہاں جانے کے لیے ریزرویشن بھی نہیں مل رہا ہے۔ برائے کرم میری کوئی مدد کیجیے۔ آپ کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا۔‘‘ اس کے جواب میں ورون گاندھی نے لکھا ’’امن خان جی، آپ اپنی پوری جانکاری کے ساتھ اپنا رابطہ نمبر ہمیں بھیجیے۔ آپ کے مسئلہ کا حل ہو جائے گا۔ آپ بس امتحان کی تیاری کریں۔‘‘
غور طلب ہے کہ امتحان دہندگان کے مسائل کو دیکھتے ہوئے ورون گاندھی نے 4 جون کو ہی مرکزی وزیر ریل کو دو صفحات پر مبنی خط لکھا ہے۔ اس میں گزارش کی گئی ہے کہ امتحان دہندگان کے لیے ریلوے میں کچھ خاص انتظام کیا جائے۔ یہ خط ورون گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر بھی کیا ہے۔