بی جے پی سے معطل نوپور شرما کے خلاف کارروائی کا مطالبہ لگاتار زور پکڑتا جا رہا ہے۔ کئی اپوزیشن لیڈران تو توہین رسالت کی مرتکب نوپور شرما کی گرفتاری سخت دفعات کے تحت چاہتے ہیں۔ اس درمیان ممبئی پولس نوپور شرما معاملے میں سرگرم نظر آ رہی ہے۔ کمشنر سنجے پانڈے کا ایک بیان سامنے آیا ہے جس میں انھوں نے کہا ہے کہ ممبئی پولس جلد ہی معطل بی جے پی ترجمان نوپور شرما کو سمن بھیجے گی اور ان کا بیان درج کرے گی۔
غور طلب ہے کہ نوپور شرما نے گزشتہ دنوں ایک ٹی وی مباحثہ کے دوران مبینہ طور پر پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر متنازعہ تبصرہ کیا تھا۔ اس سلسلے میں تنازعہ بڑھنے کے بعد بی جے پی اعلیٰ کمان نے نوپور شرما کو پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے معطل کر دیا۔ ساتھ ہی بی جے پی نے نوین کمار جندل کی بھی معطلی کا اعلان کر دیا، کیونکہ انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں پیغمبر اسلام کے خلاف نازیبا الفاظ کہے تھے۔
اس درمیان حضرت محمدؐ کے خلاف نازیبا بیانات سے بیرون ممالک میں عوام تو ناراض ہیں ہی، بیرون ملکی حکومتوں نے بھی حکومت ہند کے خلاف برہمی ظاہر کی ہے۔ اردن، سعودی عرب، ایران، قطر، کویت، پاکستان، افغانستان وغیرہ ممالک نے اہانت رسولؐ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کچھ ممالک نے ہندوستانی سفیروں کو سمن تک بھیج دیا۔ حالانکہ نوپور شرما نے اپنے متنازعہ بیان کے تعلق سے کہا ہے کہ اگر کسی کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں تو وہ اپنے الفاظ واپس لیتی ہیں۔