بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کے خلاف گزشتہ 10 جون کو کویت میں شدید مظاہرہ ہوا تھا۔ مظاہرین میں ہندوستانیوں سمیت بڑی تعداد میں مہاجر ایشیائی افراد بھی شامل تھے۔ ان سبھی کو پولس نے گرفتار کر لیا تھا، اور اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ انھیں ان کے ملک ڈیپورٹ کرنے یعنی واپس بھیجنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کے فحاحیل علاقہ میں 10 جون کو مہاجر مسلمانوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور نوپور شرما کے خلاف نعرے بازی ہوئی۔ مظاہرین کو دیکھتے ہوئے کثیر تعداد میں پولس فورس وہاں پہنچی اور گرفتار کر سبھی کو ٹرکوں میں بھر کر لے جایا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ کویت کے قانون کی خلاف ورزی کے الزام میں سبھی مہاجرین کا ویزا رد کر دیا گیا ہے اور انھیں ڈیپورٹیشن سنٹر بھیجا گیا ہے۔ اب ان سبھی مہاجرین کو جلد ہی ان کے وطن واپس بھیجا جائے گا۔ قابل ذکر ہے کہ ڈیپورٹیشن سنٹر بھیجے گئے ہندوستانیوں سمیت سبھی ایشیائیوں کے نام اب کویت میں ممنوع افراد کی فہرست میں شامل ہو جائیں گے۔ یہ کبھی دوبارہ کویت میں داخل نہیں ہو سکیں گے۔ فی الحال پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ ان لوگوں کو مظاہرے کے لیے کس نے اکسایا تھا۔
غور طلب ہے کہ عرب ممالک میں دھرنا و مظاہرہ کے انعقاد پر پابندی نافذ ہے۔ کسی بھی طرح کے مظاہرہ کو قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے اور مظاہرین کو ان کے ملک ڈیپورٹ کرنے کا التزام ہے۔