مرکزی حکومت ’اگنی پتھ اسکیم‘ کو نوجوانوں کے لیے بہترین موقع بتا رہی ہے، لیکن مظاہرے تھمنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ بہار میں سب سے زیادہ احتجاج دیکھنے کو مل رہا ہے جہاں مظاہرین نے کئی ٹرینوں کو نذر آتش کر دیا اور کئی ریلوے اسٹیشن پر لوٹ پاٹ بھی ہوئی۔ یوپی میں بھی حالات کشیدہ ہیں اور مظاہرین کے خلاف سخت کارروائی کی بات یوپی حکومت کر رہی ہے۔ اس درمیان بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر روی شنکر پرساد کا ’اگنی پتھ اسکیم‘ پر بیان سامنے آیا ہے۔
روی شنکر پرساد نے ’ٹی وی 9 گلوبل سمٹ‘ میں بہار کے نوجوانوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’اس کشیدگی سے کوئی فائدہ نہیں۔ ریلوے کی ملکیت ہندوستان کی ملکیت ہے، اور آپ ہی اس سے چلنے والے ہیں، اس کو جلا کر کیا فائدہ ہوگا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’حکومت نے بہت غور و خوض کے بعد یہ منصوبہ تیار کیا ہے۔ یہ ایک موقع ہے جس کا فائدہ اٹھائیے، اس کو دیکھیے اور سمجھیے۔‘‘
اگنی پتھ منصوبہ اور اس سے متعلق ہو رہے مظاہروں پر اپنی بات رکھنے کے علاوہ روی شنکر پرساد نے مسلمانوں کے تعلق سے بھی اپنی رائے گلوبل سمٹ میں رکھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہمیں اس ملک کے مسلمانوں کا کم ووٹ ملتا ہے۔ کیوں کم ملتا ہے یہ الگ موضوع ہے۔ لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ہم نے مسلمانوں کو کنارہ نہیں کیا۔ ہمیں ہمارے کام سے دیکھا جانا چاہیے۔‘‘