مائننگ، سول، الیکٹرانک اور ٹیلی مواصلات شعبہ میں ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے ’کول انڈیا‘ نے بہترین موقع فراہم کیا ہے۔ کول انڈیا نے مجموعی طور پر 1050 مینجمنٹ ٹرینی کے عہدوں پر بھرتی کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے لیے درخواست کا عمل 23 جون سے شروع بھی ہو چکا ہے۔ ان عہدوں کے لیے امیدواروں کا انتخاب گیٹ-2022 کے اسکور کی بنیاد پر ہوگا۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کول انڈیا میں مائننگ کے لیے 699، سول کے لیے 160، الیکٹرانکس و ٹیلی مواصلات کے لیے 124، اور سسٹم و ای ڈی پی کے لیے 67 عہدے پُر کیے جائیں گے۔ ان سبھی عہدوں پر درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 22 جولائی ہے۔ خواہشمند اور اہل امیدوار اس بھرتی کے لیے http://www.coalindia.in پر جا کر آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ منتخب امیدواروں کو ای-2 گریڈ میں مینجمنٹ ٹرینی کی شکل میں 50 ہزار سے 1 لاکھ 60 ہزار روپے تنخواہ پر رکھا جائے گا۔ ٹریننگ کے دوران 50 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ ملے گی۔
نوٹیفکیشن میں تعلیمی اہلیت سے متعلق بتایا گیا ہے کہ مائننگ کے لیے درخواست کرنے کے لیے امیدواروں کو 60 فیصد نمبرات کے ساتھ مائننگ انجینئرنگ میں بی ای/بی ٹیک/بی ایس سی پاس ہونا چاہیے۔ سول کے لیے درخواست کرنے والوں کو کم از کم 60 فیصد نمبرات کے ساتھ سول انجینئرنگ میں بی ای/بی ٹیک/بی ایس سی پاس ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح الیکٹرانکس و ٹیلی مواصلات کے لیے امیدواروں کو الیکٹرانکس اور ٹیلی مواصلات میں بی ای/بی ٹیک/بی ایس سی پاس ہونا چاہیے۔