لوک سبھا انتخاب سر پر ہے، اس لیے وزیر اعظم نے اعلان کیا ہے کہ ڈیڑھ سال (جو بچے ہوئے ہیں) میں سرکار 10 لاکھ لوگوں کو نوکری دے گی۔ اگر مودی جی کے دوسرے فیک یعنی فرضی جملوں کی طرح یہ صرف جملہ بازی نہ ہو تو یہ ایک بڑا اعلان ہے۔ اسے زمین پر اتار دیا گیا تو آئندہ انتخابات میں اس کا فائدہ بھی بی جے پی کو ملے گا۔ گو اس وقت بھی عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہوگی کہ ہر سال جو دو کروڑ ملازمت کا وعدہ آپ نے کیا تھا اس کا کیا رہا۔ آٹھ سال میں 16 کروڑ کی نوکری کی جگہ صرف 10 لاکھ کیا معنی رکھتا ہے۔
مرکز کے پاس 40 لاکھ 7 ہزار اسامیاں منظور شدہ ہیں، جن میں 31 لاکھ 91 ہزار عہدے پر لوگ کام کر رہے ہیں۔ 8 لاکھ 87 ہزار اسامیاں اب بھی خالی ہیں۔ 2 دسمبر 2021 کو پارلیمنٹ میں جو جانکاری دی گئی تھی اس کے مطابق ریلوے میں 2 لاکھ 37 ہزار 295، وزارت داخلہ میں ایک لاکھ 28 ہزار 842، محکمہ ڈاک میں 90 ہزار 50، شہری دفاع میں 2 لاکھ 47 ہزار 502، اور محکمہ انکم ٹیکس میں 76 ہزار 327 اسامیاں خالی ہیں۔ ان تمام پر بحالی ہو جاتی ہے، تو بھی 10 لاکھ کی تعداد پوری نہیں ہوگی۔
اس کے علاوہ سرکار نے برّی، بحری اور فضائی افواج میں بھی اگنی پتھ کے تحت 46 ہزار جوانوں کی چار سالہ بھرتی کا اعلان کیا ہے۔ اس پر جو تنازعہ چل رہا ہے، وہ ایک الگ معاملہ ہے۔
(تحریر: مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی، نائب ناظم، امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف، پٹنہ)