فلم ایمرجنسی کی ٹیزر ویڈیو منظر عام پر آ گئی ہے جس میں آپ اداکارہ کنگنا رانوت کو اندرا گاندھی کی شکل میں دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔ ان کا میک اَپ اس انداز میں کیا گیا ہے کہ وہ ہو بہو اندرا گاندھی معلوم پڑ رہی ہیں۔ کنگنا رانوت کے چہرے پر اندرا گاندھی جیسی سنجیدگی بھی دکھائی دے رہی ہے۔ فلم دھاکڑ فلاپ ہونے کے بعد کنگنا رانوت کو اس فلم سے کافی امیدیں ہیں اور بتایا جا رہا ہے کہ وہ فلم ایمرجنسی کی شوٹنگ میں جی جان سے مصروف ہیں۔
غور طلب ہے کہ کنگنا رانوت فلمی پردے پر رانی جھانسی اور تھلائیوی جے للیتا کا کردار نبھا کر اپنے شیدائیوں کے دلوں میں ایک خاص مقام بنا چکی ہیں۔ اب ہندوستان کی سب سے طاقتور خاتون تصور کی جانے والی اندرا گاندھی کا کردار وہ کس طرح نبھائیں گی، یہ دیکھنے والی بات ہوگی۔
فلم ایمرجنسی کی جو ٹیزر ویڈیو کنگنا رانوت نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے اس میں اندرا گاندھی (یعنی کنگنا رانوت) امریکی صدر کو یہ پیغام بھیجنے کہتی ہیں کہ ان کے دفتر میں انھیں میڈم نہیں بلکہ سر کہا جاتا ہے۔ اس ویڈیو میں کنگنا کی اداکاری لاجواب ہے اور وہ اندرا گاندھی کا مکمل عکس پیش کرنے کی کامیاب کوشش کرتی ہیں۔ حتیٰ کہ ان کی آواز کو بھی اندرا گاندھی کی آواز سے ملانے کی کوشش کی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ فلم ایمرجنسی کی اسکرپٹ رتیش شاہ نے لکھی ہے، جبکہ ہدایت کار و کو-پروڈیوسر خود کنگنا رانوت ہیں۔