آپ نے بلیٹ ٹرین ہمیشہ زمین پر چلتے ہوئے، یا پھر پل سے گزرتے ہوئے دیکھی ہوگی۔ لیکن کیا آپ یہ تصور کر سکتے ہیں کہ بلیٹ ٹرین آپ کو زمین سے چاند تک لے جائے۔ ایسا منصوبہ جاپان نے تیار کیا ہے، اور اس خاص پلان پر زور و شور سے تیاری چل رہی ہے۔ بتایا یہ بھی جا رہا ہے کہ زمین سے چاند تک بلیٹ ٹرین چلانے میں کامیابی ملنے کے بعد اسے مریخ تک چلایا جائے گا۔
جہاں ایک طرف امریکہ ایک بار پھر چاند کے معموں کو سلجھانے کے لیے چاند کا سفر کرنے والا ہے، وہیں چین مریخ کے رازوں سے پردہ اٹھانے میں مصروف ہے۔ روس اور چین مل کر چاند کے لیے مشترکہ مشن کا بھی منصوبہ بنا رہے ہیں۔ لیکن جاپان کا ’بلیٹ ٹرین‘ منصوبہ انتہائی دلچسپ ہے۔ جاپان کا ارادہ تو مریخ پر ’گلاس ہیبی ٹیٹ‘ بنانے کا بھی ہے۔ یعنی انسان ایک مصنوعی خلائی علاقہ میں رہے گا جس کا ماحول بالکل زمین جیسا بنایا جائے گا۔
دراصل ’گلاس ہیبی ٹیٹ‘ دیکھنے میں پانی پینے والے گلاس کی طرح تیار ایک کالونی ہوگا۔ اس گلاس ہیبی ٹیٹ میں اس بات کا خیال رکھا جائے گا کہ وہاں پر کشش ثقل اور ماحول ایسا ہو تاکہ انسان کے پٹھے اور ہڈیاں کمزور نہ ہوں۔ عام طور پر کم کشش ثقل والے مقامات پر پٹھے اور ہڈیاں کمزور ہو جاتی ہیں۔ اگر گلاس ہیبی ٹیٹ بنانے میں کامیابی مل گئی تو جلد ہی انسانوں کو دوسرے سیارے پر رہتے ہوئے دیکھا جا سکے گا۔