مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویا نے عام مریض بن کر صفدر جنگ اسپتال کا معائنہ کرنے اور اس دوران ایک گارڈ کے ذریعہ انھیں ڈنڈا مارے جانے کا واقعہ ایک تقریب کے دوران بیان کر سبھی کو حیران کر دیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ جب وہ دہلی کے صفدر جنگ اسپتال پہنچے تو وہاں موجود بنچ پر بیٹھ گئے۔ اس دوران ایک گارڈ نے انھیں ڈنڈا مار دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ تذکرہ وزیر صحت نے صفدر جنگ اسپتال میں صحت سے متعلق سہولیات کے افتتاح کے موقع پر کیا جہاں سبھی دم بخود ہو گئے۔
مرکزی وزیر صحت منڈاویا نے اپنی تقریر کے دوران بتایا کہ دہلی واقع صفدر جنگ اسپتال کے اچانک معائنہ سے اسپتال میں موجود بدانتظامیوں کی جانکاری ملی۔ انھوں نے کہا کہ ’’میں نے دیکھا اسپتال میں تقریباً 75 سال کی ایک بزرگ خاتون اپنے بیٹے کے لیے اسٹریچر کی ضرورت محسوس کر رہی تھی۔ خاتون کو اسٹریچر دلانے اور اسٹریچر لے جانے میں وہاں موجود گارڈ نے کوئی مدد نہیں کی۔‘‘
اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے منڈاویا نے کہا کہ اسپتال میں انتظام کچھ ایسا ہونا چاہیے کہ مریضوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انھوں نے سوالیہ انداز میں یہ بھی پوچھا کہ اگر اسپتال میں 1500 گارڈ ہیں تو یہ مریضوں کو یا بزرگوں کو اسٹریچر لے جانے میں مدد کیوں نہیں کر سکتے۔ آخر میں منڈاویا نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعہ کا تذکرہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی کر چکے ہیں۔