انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے ڈاٹا کی بنیاد پر دنیا کے 199 ممالک کی پاسپورٹ رینکنگ تیار کی گئی ہے۔ اس ڈاٹا کے مطابق دنیا میں سب سے خراب پاسپورٹ کی رینکنگ میں پاکستان کو چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔ اس سے خراب حالت صرف سیریا، عراق اور افغانستان کی ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس 2022 کے ذریعہ جاری اس رینکنگ میں ہندوستان کی حالت بہت اچھی تو نہیں ہے، لیکن قدرے بہتر ہے۔

دراصل ان ممالک کے پاسپورٹس کو بہتر رینکنگ دی گئی ہے جن پر زیادہ ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ ہینلے پاسپورٹ انڈیکس کے مطابق نمبر 1 مقام جاپان کو حاصل ہوا ہے جہاں کے لوگ 193 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر سنگاپور اور جنوبی کوریا ہیں جن کے پاسپورٹ سے 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کیا جا سکتا ہے۔ جرمنی اور اسپین تیسرے نمبر پر ہیں اور اس کے ذریعہ 190 ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ پاسپورٹ کی ٹاپ رینکنگ میں بیشتر یوروپی ممالک، امریکہ اور برطانیہ شامل ہیں۔

اس رینکنگ میں ہندوستان کو 87واں مقام حاصل ہے۔ ہندوستان کے لوگ 60 ممالک میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول کے ذریعہ سفر کر سکتے ہیں۔ پاکستان 109ویں مقام پر ہے جہاں کے لوگ صرف 32 ممالک میں بغیر ویزا یا پھر ویزا آن ارائیول کے ذریعہ سفر کر سکتے ہیں۔ سیریا 110ویں، عراق 111ویں، اور افغانستان آخری پائیدان یعنی 112ویں مقام پر ہے۔ پاسپورٹ رینکنگ میں چین کو 69واں مقام حاصل ہوا ہے، جبکہ بنگلہ دیش کی رینکنگ 104ہے۔