دروپدی مرمو نے 25 جولائی کو ہندوستانی صدر کے طور پر حلف لیتے ہی کئی اہم ریکارڈس اپنے نام کر لیے۔ ان میں سے 5 ریکارڈس ایسے ہیں جو بہت ہی خاص ہیں۔ آئیے ہم آپ کو ان ریکارڈس سے متعارف کراتے ہیں۔
پہلی قبائلی صدر
مرمو پہلی شخصیت ہیں جو قبائلی طبقہ سے تعلق رکھتی ہیں اور ہندوستان کے اعلیٰ عہدہ تک پہنچیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ملک کی پہلی قبائلی خاتون صدر بھی ہیں۔
اڈیشہ سے پہلی صدر
ہندوستان اپنی آزادی کا 75واں سال منا رہا ہے، لیکن ابھی تک اڈیشہ سے کوئی شخص صدر عہدہ تک نہیں پہنچ سکا تھا۔ یہ کرشمہ دروپدی مرمو نے انجام دیا ہے۔
آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والی پہلی صدر
دروپدی مرمو آزاد ہندوستان میں پیدا ہونے والی صدر ہیں۔ اب تک جو بھی ہندوستان کے صدر بنے تھے، ان کی پیدائش ملک کی آزادی سے قبل ہوئی تھی۔
سب سے کم عمر صدر جمہوریہ
دروپدی مرمو ہندوستان کی سب سے کم عمر صدر بھی ہیں۔ اس سے پہلے یہ خطاب نیلم سنجیو ریڈی کے نام پر تھا۔ وہ 64 سال 2 ماہ میں صدر بنے تھے۔ مرمو کی عمر اس وقت 64 سال ایک ماہ ہے، یعنی وہ نیلم سنجیو ریڈی سے ایک ماہ قبل صدر عہدہ پر فائز ہو گئیں۔
صدر عہدہ تک پہنچنے والی پہلی کونسلر
دروپدی مرمو نے 1997 میں سیاست میں قدم رکھا تھا اور رائرنگ پور نگر پنچایت کے کونسلر کا انتخاب جیتا تھا۔ ابھی تک کوئی بھی کونسلر صدارتی عہدہ تک نہیں پہنچ سکا تھا، مرمو نے یہ تمغہ حاصل کیا۔