آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی کے دہلی واقع گھر پر توڑ پھوڑ کیے جانے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کے 24-اشوک روڈ میں موجود بنگلے کے دروازے اور کھڑکیوں کو کچھ لوگوں نے نقصان پہنچایا ہے۔ اسدالدین اویسی کے نام کی لگی تختی اور ٹیوب لائٹ کو بھی توڑے جانے کی اطلاع ہے۔ نئی دہلی کے ڈی ایس پی دیپک یادو نے اس تعلق سے میڈیا میں بیان دیا ہے اور بتایا ہے کہ پانچ لوگوں کو حراست میں لے کر ان سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔
دیپک یادو کا کہنا ہے کہ پانچوں گرفتار لوگوں نے ابتدائی پوچھ تاچھ کے دوران کہا ہے کہ وہ اسدالدین اویسی کے بیانات سے ناراض تھے۔ پولس کے مطابق مزید پوچھ تاچھ کا عمل جاری ہے۔ اس واقعہ کی خبر پولس کو ایک پی سی آر کال سے ملی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ اویسی کی رہائش پر کچھ لوگ جمع ہو کر توڑ پھوڑ کر رہے ہیں۔
ایک سینئر پولس افسر کا کہنا ہے کہ توڑ پھوڑ کی خبر ملتے ہی پولس جائے وقوع کے لیے روانہ ہو گئی۔ وہاں پہنچنے پر پولس اہلکاروں نے دیکھا کے کچھ لوگ توڑ پھوڑ میں مصروف ہیں۔ وہاں موجود سبھی ملزمین کو حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اویسی کے جس گھر میں توڑ پھوڑ ہوئی ہے وہ ان کا سرکاری بنگلہ ہے۔