جنتا دل یو کے قومی صدر اور مرکزی وزیر رہ چکے آر سی پی سنگھ نے آج پارٹی سے استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ طویل عرصہ سے وہ پارٹی میں کنارہ کش تھے اور حال ہی میں پارٹی نے ان پر بدعنوانی کا الزام عائد کرتے ہوئے بے پناہ ملکیت پر وضاحت مانگی تھی۔ اس بات سے مسٹر سنگھ اتنا ناراض ہوئے کہ نہ صرف استعفیٰ دیا بلکہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور جنتا دل یو کے خلاف سخت بیانات بھی دے ڈالے۔
آر سی پی سنگھ کے اوپر لگے زمین سے جڑے سنگین الزامات کو لے کر سنیچر کے روز سیاسی گلیاروں خوب سرگرمیاں رہیں۔ پھر دیر شام انھوں نے میڈیا کے سامنے پارٹی سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا۔ اس موقع پر وہ جذباتی بھی نظر آئے اور کہا کہ ’’جس کے خود کے گھر شیشے کے ہوں، وہ دوسرے کے گھروں میں پتھر نہیں مارا کرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ’’نتیش کمار 7 جنم میں بھی وزیر اعظم نہیں بن پائیں گے۔ یہ میں دعویٰ کرتا ہوں۔‘‘
آر سی پی سنگھ پہلے بھی دبے الفاظ میں نتیش کمار کے خلاف اپنی ناراضگی ظاہر کرتے رہے ہیں۔ پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بعد انھوں نے کھل کر اپنے غصے کا اظہار کیا۔ انھوں نے جنتا دل یو کو ڈوبتا ہوا جہاز بتاتے ہوئے کہا کہ ’’جو بھی کارکن اس ڈوبتے جہاز کو چھوڑنا چاہتے ہیں، چھوڑ دیں۔ میں نے ہمیشہ پارٹی میں سچے کارکن کی شکل میں کام کیا، لیکن جنتا دل یو نے سیاست کی سطح کو توڑ دیا۔‘‘