ٹوئٹر پر ہیش ٹیگ ’لعنت‘ آج کافی ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس ہیش ٹیگ کے ساتھ لوگ پاکستانی میڈیکل طالبہ خدیجہ کے لیے انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دراصل خدیجہ پر شیخ دانش نامی شخص نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی، اور اس عمل میں دانش کی بیٹی انا علی نے بھی بھرپور ساتھ دیا۔ خدیجہ کو یہ سزا دی گئی کیونکہ دانش اس سے شادی کرنا چاہتا تھا جس سے خدیجہ نے انکار کر دیا۔ اس انکار سے انا علی بھی ناراض ہو گئی اور نہ صرف خدیجہ کے بال کتر دیے گئے، بلکہ بھنویں بھی کاٹ دی گئیں اور جوتے چٹوائے گئے۔
اس تعلق سے کچھ ویڈیوز بھی وائرل ہو رہی ہیں جس میں خدیجہ پر ہوئے مظالم کو دیکھا جا سکتا ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے اس انسانیت سوز سلوک کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولس سے رپورٹ طلب کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ایسا واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ ملزمان قانون کے مطابق سخت سزا کے حقدار ہیں۔‘‘
میڈیا رپورٹس کے مطابق دانش اور بیٹی انا علی کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ حالانکہ 50 ہزار روپے کے مچلکہ پر دانش کو ضمانت بھی مل گئی ہے۔ اس خبر سے ناراض ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ہے ’’رسول اکرمؐ نے فرمایا: تم سے پہلی قومیں اس لیے برباد ہوئیں جب ان کا کوئی بڑا امیر و کبیر جرم کرتا تو اسے چھوڑ دیا جاتا اور جب کوئی معمولی سا آدمی جرم کرتا تو اسے سزا دی جاتی۔ (صحیح بخاری)‘‘