بڑھتی آبادی سے دنیا پریشان ہے۔ بیشتر ممالک اس پر قابو پانے کے لیے منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں روسی صدر ولادمیر پوتن نے ایک عجیب و غریب فرمان جاری کر دیا ہے۔ انھوں نے روسی خواتین کو 10 بچے پیدا کرنے اور ان کو زندہ رکھنے کے لیے 13500 پاؤنڈ دیے جانے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انھوں نے کورونا وبا اور روس-یوکرین جنگ کے سبب تیزی کے ساتھ کم ہوتی روس کی آبادی سے پریشان ہو کر یہ فیصلہ کیا ہے۔
بہرحال، ولادمیر پوتن نے اس منصوبہ کو ’مدر ہیروہین‘ نام دیا ہے۔ روسی سیاست اور سیکورٹی کے ماہر ڈاکٹر جینی میتھرس نے اس تعلق سے ’ٹائمز ریڈیو‘ پر بات کرتے ہوئے تفصیلی جانکاری دی۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ صرف روس-یوکرین جنگ میں ہی 50 ہزار سے زائد روسی فوجیوں کی موت ہو چکی ہے، اسی لیے ’مدر ہیروئن‘ منصوبہ کو اس سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر جینی میتھرس نے ’ٹائمز ریڈیو‘ سے بات کرتے ہوئے جو جانکاری دی، اس میں یہ بھی بتایا کہ ’’پوتن کہتے رہے ہیں کہ بڑی فیملی والے لوگ زیادہ حب الوطن ہوتے ہیں۔‘‘ یعنی پوتن بڑی فیملی اور زیادہ بچے پیدا کرنے کے ساتھ ہی حب الوطنی کی بات سوچ رہے ہیں۔ جانکاری کے مطابق خاتون کے دسویں بچے کے پہلے یومِ پیدائش پر حکومت انھیں یہ پیسے، یعنی 10 لاکھ روبل (13500 پاؤنڈ) دے گی۔ اس کے لیے روسی حکومت کی شرط ہے کہ قبل کے 9 بچے بھی زندہ رہنے چاہئیں۔