بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو ریاست میں نئی حکومت بننے کے بعد کافی سرگرم نظر آ رہے ہیں۔ تیجسوی نے آر جے ڈی وزراء اور لیڈروں کے لیے 6 ہدایات جاری کی ہیں۔ ان 6 ہدایات کے ذریعہ وہ حکومت میں ایمانداری، شفافیت اور اعتماد کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ یہ 6 ہدایات کیا ہیں۔
1. حکومت میں آر جے ڈی کوٹہ سے بنے وزیر محکمہ میں اپنے لیے کوئی نئی گاڑی نہیں خریدیں گے۔
2. آر جے ڈی کے وزراء عمر میں ان سے بڑے کارکنان، خیر خواہ، حامی یا کسی بھی دیگر شخص کو پاؤں نہیں چھونے دیں گے۔ استقبال اور ادب کے لیے ہاتھ جوڑ کر نمستے اور آداب کی روایت کو فروغ دیں گے۔
3. سبھی وزراء سے گزارش ہے کہ ان کا سبھی کے ساتھ رویہ انکسار اور نرم روی پر مبنی ہو، اور بات چیت کا انداز مثبت رہے۔ سادگی سے پیش آتے ہوئے سبھی ذات و مذہب کے غریب اور ضرورت مند لوگوں کو بلاتاخیر ترجیحی بنیاد پر مدد کریں گے۔
4. کسی سے بطور تحفہ گلدستہ لین-دین کی جگہ پر کتاب-قلم کو فروغ دیں۔ لگاتار لوگوں سے اس سلسلے میں گزارش کریں گے۔
5. سبھی محکمہ جاتی کاموں میں وزیر اعلیٰ کی قیادت میں ایمانداری، شفافیت، سرگرمی کو فروغ دیں گے۔
6. سبھی وزراء وزیر اعلیٰ بہار اور اپنے ماتحت محکموں، منصوبوں اور ترقیاتی کاموں کی سوشل میڈیا پر لگاتار تشہیر کریں گے تاکہ عوام کو آپ کے ہر قدم کی مثبت جانکاری مل سکے۔