فوڈ ڈیلیوری کرنے والی کمپنی ’زومیٹو‘ ایک بار پھر تنازعہ میں پھنس گئی ہے۔ تنازعہ ریتک روشن کے اس اشتہار کو لے کر ہے جس میں ’مہاکال تھالی‘ کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ اجین واقع مہاکال مندر کے پجاریوں نے اس اشتہار پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور اداکار ریتک روشن کے ساتھ ساتھ زومیٹو سے بھی معافی کا مطالبہ کیا ہے۔ پجاریوں نے کمپنی پر ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے اشتہار کو فوراً بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
دراصل مشہور مہاکال مندر کے نام پر تھالی منگانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو کو دیکھ کر مندر کے پجاری حیران اور ناراض ہیں۔ ویڈیو میں ریتک روشن کہتے نظر آ رہے ہیں ’’تھالی کا من کیا، تو میں نے اجین کے مہاکال سے منگوا لیا۔‘‘ مہاکال مندر کے پجاریوں کا کہنا ہے کہ مندر سے اس طرح کی کوئی تھالی پورے ملک میں تو کیا اجین میں بھی ڈیلیور نہیں کی جاتی ہے۔ یہ تھالی عقیدتمندوں کو صرف مندر میں مفت دستیاب ہے۔
مہاکال مندر کے پجاریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو کمپنی ’نان ویج‘ کھانا ڈیلیور کر رہی ہو، اسے مہاکال کے نام کی تھالی کا جھوٹا اشتہار فوراً بند کر دینا چاہیے۔ پجاریوں نے کہا کہ کمپنی نے ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے، اور اگر معافی نہیں مانگی گئی تو عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔ بہرحال، اجین کے کلکٹر نے اس معاملے میں جانچ کے بعد کارروائی کی یقین دہانی کرائی ہے۔