پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 11 ستمبر کو ایشیا کپ کا فائنل میچ کھیلا جانا ہے۔ لیکن سبھی کی نگاہیں اب ٹی-20 عالمی کپ کی طرف ہیں جس کا آغاز 16 اکتوبر سے ہونا ہے۔ سبھی ٹیمیں اس کے لیے کمربستہ نظر آ رہی ہیں اور منصوبہ بندی بھی شروع ہو چکی ہے۔ اس ضمن میں پاکستان نے ایک خاص قدم اٹھاتے ہوئے ایسے مایہ ناز سابق آسٹریلیائی کرکٹر کی خدمات حاصل کرنے کا اعلان کیا ہے جنھیں قرآن پاک سے خاصہ شغف ہے۔ یہاں بات ہو رہی ہے میتھیو ہیڈن کی۔
جی ہاں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے میتھیو ہیڈن کو ٹیم کا منٹر (راہنما) مقرر کیا ہے۔ ہیڈن بھی اپنی ذمہ داری کو لے کر خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں کئی اچھے کھلاڑی ہیں جو آئندہ ماہ ہونے والے عالمی کپ میں بہتر کارکردگی پیش کریں گے۔ ہیڈن گزشتہ سال یو اے ای میں کھیلے گئے ٹی-20 عالمی کپ میں بھی پاکستانی ٹیم کے مینٹر تھے۔ تب آسٹریلیا نے پاکستان کو سیمی فائنل میں شکست دے دی تھی۔
میتھیو ہیڈن کے بارے میں یہ بتانا دلچسپ ہے کہ گزشتہ مرتبہ جب وہ پاکستانی ٹیم سے جڑے تھے تو انھیں پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے قرآن پاک کا انگریزی ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا تھا۔ اس بارے میں ہیڈن نے خود بتایا تھا کہ ’’رضوان سے میں نے نصف گھنٹے قرآن پر بات چیت کی۔ اس کتاب کو میں روز پڑھتا ہوں۔‘‘