ایک طرف بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپوزیشن اتحاد کو لے کر سرگرم دکھائی دے رہے ہیں، اور دوسری طرف آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے بھی ’مشن 2024‘ کو کامیاب بنانے کے لیے پیش رفت شروع کر دی ہے۔ سنیچر کے روز لالو پرساد دہلی پہنچے جہاں انھوں نے میڈیا اہلکاروں کے سامنے این ڈی اے حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ 2024 میں پی ایم مودی کو اقتدار سے اکھاڑ پھینکیں گے؟ تو انھوں نے واضح جواب دیا کہ ’’ہاں، ہم (انھیں) اکھاڑ دیں گے۔ مجھے کتنی بار یہ کہنے کی ضرورت ہے؟‘‘
دہلی پہنچے لالو پرساد یادو نے امت شاہ کے بہار دورہ پر بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’وہ (امت شاہ) پریشان ہیں۔ وہاں (بہار) سے ان کی حکومت کا صفایا ہو گیا۔ 2024 میں بھی ایسا ہی ہونے والا ہے۔ اس لیے وہ اِدھر اُدھر بھاگ رہے ہیں، اور کہہ رہے ہیں ’جنگل راج‘۔ گجرات میں رہتے ہوئے انھوں نے کیا کچھ کیا؟ جب وہ گجرات میں تھے تب وہاں جنگل راج تھا۔‘‘
میڈیا کے سامنے لالو پرساد نے جلد ہی نتیش کمار کے ساتھ کانگریس صدر سونیا گاندھی سے ملاقات کرنے کی بات بھی کہی۔ انھوں نے کہا کہ ’’سونیا گاندھی سے ملاقات ہوگی، جس میں اپوزیشن کے لوگوں کو متحد کرنے پر تبادلہ خیال ہوگا۔‘‘ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لالو پرساد اور نتیش کمار آئندہ 25 ستمبر کو سونیا گاندھی سے ملاقات کریں گے۔