پاکستان میں پیش آئے ایک دردناک طیارہ حادثہ میں 6 فوجی جوانوں کی ہلاکت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طیارہ پاکستانی فوج کا تھا جس میں سوار 2 میجر سمیت 6 جوان ہلاک ہو گئے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس طیارہ میں 2 پائلٹ موجود تھے اور دونوں ہی کسی طرح اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بلوچستان میں فوج کا یہ ہیلی کاپٹر 25 ستمبر کی شب حادثہ کا شکار ہوا۔ جیو نیوز کے مطابق یہ اندوہناک واقعہ ہرنائی ضلع واقع خوست شہر کے پاس پیش آیا۔
اس ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک دونوں میجر کی شناخت 39 سالہ میجر خرم شہزاد اور 30 سالہ میجر محمد منیب افضل کی شکل میں ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ 44 سالہ صوبیدار عبدالواحد، 27 سالہ سپاہی محمد عمران خان، 30 سالہ نایک جلیل اور 35 سالہ سپاہی شعیب مہلوکین میں شامل ہیں۔ اس حادثہ کے اسباب سے متعلق فی الحال کوئی تفصیلی خبر سامنے نہیں آئی ہے، لیکن جانچ کا عمل جاری ہے۔
غور طلب ہے کہ اس سے قبل اگست ماہ میں بھی پاکستانی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ اس حادثہ میں بھی پاکستانی فوج کے 6 جوانوں کی موت ہو گئی تھی۔ اُس وقت کوئٹہ سے کراچی کے لیے پرواز بھرتے ہوئے ہیلی کاپٹر اچانک سے لاپتہ ہو گیا تھا۔ تلاشی مہم چلائے جانے کے بعد اگلے دن ہیلی کاپٹر موسیٰ گوتھ، وِنڈار، لاسبیلا میں ملا تھا۔