ٹی-20 عالمی کپ کے پیش نظر آج ہندوستان بمقابلہ آسٹریلیا وارم اَپ میچ کھیلا گیا۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 7 وکٹ کے نقصان پر 186 رن بنائے۔ پھر جب آسٹریلیائی ٹیم بلے بازی کے لیے اتری تو دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ایک وقت آسٹریلیا کا اسکور 17 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 158 رن تھا، یعنی جیت کے لیے 3 اوور میں 29 رنوں کی ضرورت تھی۔ جیت قریب دکھائی دے رہی تھی، لیکن پھر ہندوستانی گیندبازوں نے اپنی طاقت دکھائی۔ سب سے حیرت انگیز موقع تو وہ تھا جب پورے میچ میں باہر بیٹھے ہندوستان کے تیز گیندباز محمد سمیع کو کپتان روہت شرما نے 20واں اوور پھینکنے کو کہا۔ اس آخری اوور میں جو کمال محمد سمیع نے دکھایا اس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

دراصل آسٹریلیائی ٹیم نے 19 اوور میں 6 وکٹ کے نقصان پر 176 رن بنا لیے تھے۔ آخری اوور میں جیت کے لیے صرف 11 رن بنانے تھے۔ جب گیند محمد سمیع کے ہاتھوں میں دی گئی تو سبھی کی دھڑکنیں تیز تھیں۔ پہلی 2 گیندوں پر 4 رن بن گئے، لیکن پھر محمد سمیع نے جس طرح اپنے یارکر گیندوں کا استعمال کیا وہ دیکھنے لائق تھا۔ تیسری گیند پر خطرناک نظر آ رہے پیٹ کمنس کو وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرایا، چوتھی گیند پر ایشٹن ایگر رَن آؤٹ ہوئے، اور پھر آخری 2 گیندوں پر 2 کھلاڑیوں کو کلین بولڈ کر کے ہندوستان کو 6 رنوں سے جیت دلا دی۔