اتر پردیش کے ضلع کشی نگر واقع کھڈا ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین میں نماز پڑھتے ہوئے کچھ لوگوں کی ویڈیو جمعہ کی شب سے وائرل ہو رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ معاملہ جمعرات کا ہے اور نماز ستیاگرہ ایکسپریس (ٹرین نمبر 15273) میں پڑھی گئی ہے۔ چونکہ عوامی مقامات پر نماز پڑھنا ممنوع ہے، اس لیے ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرین کے سلیپر کوچ میں کچھ لوگ نماز پڑھ رہے تھے جب سابق رکن اسمبلی دیپ لال بھارتی اس میں چڑھے۔ انھیں آگے بڑھنے میں دقت ہوئی اس لیے نماز پڑھتے لوگوں کی ویڈیو بنائی اور اتر کر دوسرے ڈبے میں چڑھ گئے۔ دیپ لال بھارتی نے اس معاملے میں ریلوے افسران سے شکایت بھی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ کپتان گنج جانے کے لیے ٹرین میں سوار ہوئے تھے، لیکن نماز پڑھے جانے کی وجہ سے ان کو دوسری کوچ میں جانا پڑا۔ دیپ لال بھارتی نے اس واقعہ کی جانچ کرانے کا مطالبہ بھی افسران سے کیا۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نماز کی وجہ سے کچھ لوگوں کو آنے جانے میں پریشانی ہوئی۔ ایک طرف سے دوسری طرف جانے کے لیے لوگوں کو نماز ختم ہونے کا انتظار کرنا پڑا۔ نماز پڑھنے والے لوگ کون تھے اور کہاں سے کہاں جا رہے تھے، اس بارے میں ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ ریلوے سیکورٹی فورس کپتان گنج کے انچارج انسپکٹر سمئے سنگھ کے مطابق وائرل ویڈیو کی جانچ کی جا رہی ہے۔