فرانسیسی خاتون ماڈل اور فرنچ ریلٹی سیریز ’لیس پرنسز ایٹ لیس پرنسس دی لایمور‘ (محبت کے شہزادے اور شہزادیاں) میں شرکت کر شہرت حاصل کرنے والی مرین ال ہیمر کا قبول اسلام اِن دنوں سرخیوں میں ہے۔ انھوں نے 2 نومبر کو ایک ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کی جس میں وہ سیاہ برقع زیب تن کیے ہوئی ہیں۔ ویڈیو مسجد کے اندر کی ہے جہاں وہ کلمہ شہادت پڑھتی ہیں۔ پھر وہاں موجود کچھ مسلم خواتین گلے مل کر مرین ال ہیمر کو دائرۂ اسلام میں آنے پر مبارکباد پیش کرتی ہیں۔
مرین ال ہیمر نے بھلے ہی 2 نومبر کو اسلام اپنانے کا باضابطہ اعلان کیا، لیکن وہ کچھ ماہ پہلے سے ہی اسلام پر عمل پیرا تھیں۔ انھوں نے اس تعلق سے اعلان کرنے میں کچھ تاخیر ضرور کی، لیکن ان کے معمولات پر گہری نظر رکھنے والے پہلے سے ہی یہ جانتے تھے۔ کئی لوگوں کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ مذہب اسلام قبول کرنے کے بارے میں مرین نے تاخیر سے اعلان کیوں کیا۔ دراصل مرین نے روح اور قلب سے اسلام قبول کر لیا تھا، لیکن جب انھیں احساس ہوا کہ باضابطہ اس کا اعلان کرنا چاہیے، تو مسجد میں کلمہ پڑھتے ہوئے ویڈیو جاری کی۔
مرین ال ہیمر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 5 نومبر کو بھی ایک پوسٹ کیا ہے جس میں کچھ ویڈیوز اور تصاویر ہیں۔ ان ویڈیوز اور تصاویر میں مرین کعبہ کے قریب دکھائی دے رہی ہیں۔ وہ مذہب اسلام اختیار کرنے کے بعد ایک پاکیزہ اور بامقصد زندگی گزارنے کو لے کر پرعزم ہیں۔