نئی دہلی: آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی (ایم ای پی) نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں قسمت آزمانے کا اعلان کیا ہے۔ اس درمیان کئی کانگریس لیڈران نے آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی میں شمولیت اختیار کر ایک نئی ہلچل پیدا کر دی ہے۔ کانگریس کے دہلی سٹی نائب صدر نصیر الحسن، دہلی کانگریس چاندنی چوک اسمبلی کے جنرل سکریٹری معراج الدین قریشی، جامع مسجد علاقہ کی نوجوان کارکن موہیتا جین، مرحوم جسٹس سردار علی کی اہلیہ عشرت زرین اور کچھ دیگر کانگریس لیڈران و کارکنان ایم ای پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک پریس کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا۔
پارٹی کی طرف سے جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس لیڈر صبیحہ کے ساتھ درجنوں لوگوں نے ایم ای پی کی رکنیت اختیار کی ہے۔ اب ایم ای پی کی توجہ دہلی میونسپل کارپوریشن انتخابات پر ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ دہلی کو دنیا کے سب سے آلودہ شہر کے طور پر دیکھا جانے لگا ہے، اور اس کی وجہ بی جے پی و عام آدمی پارٹی ہے۔ ان دونوں پارٹیوں کے جھگڑے میں جامعہ نگر، ذاکر نگر، ابوالفضل انکلیو اور پرانی دہلی سمیت وزیر آباد و نواحی علاقوں کے بیشتر مقامات پر کام کوئی نہیں ہو سکا۔ ایم ای پی کا ماننا ہے کہ میونسپل انتخابات میں پارٹی جو بھی سیٹ جیتے گی، وہ عوام کے اعتماد کے ساتھ جیتے گی۔ پارٹی کی قومی صدر ڈاکٹر نوہیرا شیخ دہلی ایم سی ڈی انتخابات کے بعد دہلی اسمبلی انتخابات بھی مکمل طور پر لڑنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔