یوٹیوب انڈیا نے 5 دسمبر کو 2022 کے ٹاپ یوٹیوب ویڈیوز (میوزیکل ویڈیوز کیٹگری) کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ٹاپ-10 میوزک ویڈیوز کی اس فہرست نے ایک طرف جہاں تیلگو فلم انڈسٹری کا پرچم بلند کیا ہے، وہیں بالی ووڈ یعنی ہندی فلم انڈسٹری کو زوردار جھٹکا دیا ہے۔ دراصل اس فہرست میں فلم ’پشپا‘ کے چار نغمے شامل ہیں اور ہندی فلم کا کوئی بھی نغمہ اس میں جگہ نہیں بنایا پایا ہے۔
ٹاپ-10 یوٹیوب ویڈیوز کی جاری فہرست کے مطابق سب سے زیادہ تعداد میں لوگوں نے ’سری ولّی‘ (ہندی ورژن) نغمہ کو دیکھا اور دوسرے مقام پر ’عربک کسو‘ رہا جو تھلاپتی وجئے اور پوجا ہیگڑے پر فلمایا گیا ہے۔ فلم ’پشپا‘ کے جو مزید تین نغمے ٹاپ-10 میں شامل ہیں وہ ہیں ’سامی سامی‘ (تیسرا مقام)، ’او انٹاوا ماوا‘ کا ہندی ورژن (چھٹا مقام) اور ’او انٹاوا ماوا‘ کا تیلگو ورژن (ساتواں مقام)۔ قابل ذکر یہ ہے کہ ’عربک کسو‘ نغمہ کے بیسٹ ورژن نے بھی اس فہرست میں نواں مقام حاصل کر لیا ہے۔
اس فہرست میں ’کچا بادام‘ کے ریمکس نے بھی جگہ بنائی ہے۔ بھوبن بدیاکر کی ایک ویڈیو ایسی وائرل ہوئی کہ اس کو ریمکس کی شکل میں پیش کرنا مناسب سمجھا گیا، اور اسے بھی لوگوں نے خوب دیکھا۔ اس نے فہرست میں چوتھا مقام حاصل کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹاپ-10 میں بھوجپوری کے دو نغمے ’لے لے آئی کوکا کولا‘ (پانچواں مقام) اور ’نتھونیا‘ (دسواں مقام) بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں ’کوک اسٹوڈیو‘ (سیزن 14، پسوری) نے اس فہرست میں آٹھواں مقام حاصل کیا ہے۔