کانگریس کے سینئر لیڈر کملناتھ نے 30 دسمبر کو ایک بیان میں کہا تھا کہ راہل گاندھی 2024 لوک سبھا انتخاب میں وزیر اعظم عہدہ کا چہرہ ہوں گے۔ اس کے پیش نظر 31 دسمبر کو ایک نامہ نگار نے راہل سے سوال کیا کہ وہ ملک کے وزیر اعظم بن گئے تو سب سے پہلا تین کام کیا کریں گے؟ اس کا جواب انھوں نے بہت سنجیدگی کے ساتھ دیا جو درج ذیل ہے۔

(1) بچوں کو ویژن دیں گے: میں سب سے پہلے نیا تعلیمی ڈھانچہ بنانا چاہوں گا۔ بھارت جوڑو یاترا کے دوران میں نے ہزاروں بچوں سے بات کی۔ سب سے پوچھا کہ کالج ختم کرنے کے بعد تم کیا کرنا چاہتے ہو؟ مجھے صرف پانچ جواب ملے– ڈاکٹر، وکیل، انجینئر، پائلٹ، آئی اے ایس۔ 99.9 فیصد بچے یہی جواب دے رہے ہیں۔ یعنی ہمارا نظام تعلیم بچوں کو بتا رہا ہے کہ آپ ان پانچ شعبوں کے علاوہ کچھ نہیں کر سکتے۔

(2) بغیر ہنر کے روزگار نہیں: ہم ہنر کا احترام کیے بغیر روزگار نہیں دے سکتے۔ موجودہ دور میں جس کے پاس ہنر ہے، ہم اس کی مدد نہیں کرتے۔ اس کے ہنر کو ختم کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، اور اس ماحول کو بدلنا ہوگا۔

(3) ورغلانے والی خارجہ پالیسی: ہمیں ملک میں بھائی چارہ، اتحاد اور محبت کے جذبہ کو پھیلانا ہے۔ اس کا اثر ملک کی سرحدوں پر بھی پڑتا ہے۔ تشدد، نفرت کا اثر دوسرے ممالک دیکھتے ہیں اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ہماری خارجہ پالیسی بہت ورغلانے والی ہے۔ اس سے ہمیں زبردست نقصان ہوگا۔