آور لیڈی فاطمہ اسکول، علی گڑھ کی علیشا زینب نے ’مہاتما گاندھی راج بھاشا ہندی پرچار سنستھا‘، سداشیو پتھ، پونے کے ذریعہ منعقد ’راج بھاشا ہندی تحریری مقابلہ‘ میں پہلا مقام حاصل کر اسکول کا نام روشن کیا ہے۔ علیشا زینب ’آور لیڈی فاطمہ اسکول‘ (او ایل ایف) میں درجہ 6 کے سیکشن ’بی‘ کی طالبہ ہیں اور ہندی خوش نویسی مقابلہ میں پہلا مقام حاصل کرنے کے بعد بہت خوش نظر آ رہی ہیں۔ انھیں ’مہاتما گاندھی راج بھاشا ہندی پرچار سنستھا‘ کی جانب سے سرٹیفکیٹ اور ایک میڈل فراہم کیا گیا ہے۔
علیشا زینب کی کامیابی پر ان کی والدہ نکہت پروین اور والد پروفیسر جسیم محمد نے بھی بے انتہا خوشی کا اظہار کیا ہے۔ پروفیسر جسیم محمد نے سنیل سنگھ (اسکول ٹیچر) اور او ایل ایف اسکول انتظامیہ کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ اس طرح کا مقابلہ کرا کر بچوں میں خوش نویسی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی اپنی اس خواہش کا اظہار کیا کہ ہندی زبان بطور راج بھاشا خوب ترقی کرے۔
غور طلب ہے کہ ’مہاتما گاندھی راج بھاشا ہندی پرچار سنستھا‘، پونے ہر سال ہندوستان کی سبھی ریاستوں میں ہندی زبان کا تحریری مقابلہ کرواتا ہے۔ اسکول کے طلبا و طالبات کے درمیان خوش نویسی کا یہ مقابلہ ہوتا ہے اور کامیاب طلبا و طالبات کو بطور انعام سرٹیفکیٹ اور میڈل پیش کیا جاتا ہے۔ اس مقابلہ کا مقصد خوش نویسی کی بہترین صلاحیت والے بچوں کی حوصلہ افزائی اور ہندی زبان کو فروغ دینا ہے۔