31 اکتوبر کو ہندوستان کی مختلف ریاستوں میں قائم 152 پرسار بھارتی دوردرشن کیندروں کو بند کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی سال کے آخری دن، یعنی 31 دسمبر کو بہار کے 15 اضلاع میں موجود دوردرشن کیندروں سمیت ملک کے بیشتر پرسار بھارتی دوردرشن کیندروں کو بند کر دیا جائے گا۔ مرکزی حکومت نے دوردرشن کیندروں کو بند کرنے کی تاریخ بھی جاری کر دی ہے۔
جہاں تک بہار کا سوال ہے، 31 دسمبر تک بہار کے 15 اضلاع میں واقع سبھی دوردرشن کیندر بند ہو جائیں گے۔ 31 اکتوبر سے سہرسہ کے دیواری واقع ہائی پاور دوردرشن ٹرانسمیٹر کیندر سمیت بھاگلپور اور سیوان ضلع کے دوردرشن کیندر بند ہو جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے سبھی دوردرشن کیندروں کو دھیرے دھیرے بند کرنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس وقت ملک میں مجموعی طور پر 412 دوردرشن کیندر چل رہے ہیں، لیکن آنے والے دنوں میں صرف جموں و کشمیر، لداخ، سکم، انڈمان نکوبار اور لکشدیپ میں ہی اس کا وجود باقی رہ جائے گا۔
دوردرشن کیندروں کو منصوبہ بندی کے ساتھ بند کرنے کا ارادہ ہے۔ سب سے پہلے بہار میں منٹیننس سنٹر کو بند کیا جائے گا، اور پھر ڈی ایم سی کو۔ پانچ اضلاع بیگو سرائے، لکھی سرائے، مونگیر، سکندرا اور بانکا کے لیے دوردرشن منٹیننس اسٹیشن بھاگلپور میں ہے۔ منصوبہ کے مطابق بھاگلپور میں 500 واٹ کا دوردرشن کیندر ہے جو آئندہ 31 اکتوبر کو بند ہوگا، لیکن ڈی ایم سی سال کے آخر تک کام کرے گا۔