پاکستان کی مشہور یوٹیوبر ثنا امجد نے 19 فروری کو ایک ویڈیو اپنے یوٹیوب چینل پر ڈالی تھی جو ہندوستان میں تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو ہندوستان میں اس لیے دیکھی جا رہی ہے کیونکہ اس میں پاکستانی عوام ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ دراصل ثنا امجد نے کچھ پاکستانی عوام سے ملک کے موجودہ معاشی حالات پر بات چیت کی۔ اس دوران ایک شخص نے کہا کہ ’’کاش ملک کا بٹوارا نہ ہوا ہوتا تو ہم بھی ٹماٹر 20 روپے کلو اور چکن 150 روپے کلو خرید رہے ہوتے۔ یہ بدقسمتی ہے کہ ہمیں ایک اسلامی ملک ملا لیکن ہم یہاں اسلام قائم نہیں کر سکے۔‘‘

ویڈیو میں پاکستانی شخص ہندوستان کے بہتر حالات اور ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریف کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔ وہ کہتا ہے کہ ’’ہمیں وزیر اعظم کی شکل میں نریندر مودی کے علاوہ کوئی نہیں چاہیے۔ مودی ہم سے بہت بہتر ہیں۔ ان کے لوگ ان کا بہت احترام کرتے ہیں، ان کے نقش قدم پر چلتے ہیں۔ ہمیں نواز شریف یا بے نظیر یا عمران کی ضرورت نہیں، حتیٰ کہ سابق فوجی حکمراں جنرل پرویز مشرف کی بھی ضرورت نہیں۔ ہم صرف پی ایم مودی چاہتے ہیں کیونکہ وہ ملک میں سبھی شرارتی عناصر سے نمٹ سکتے ہیں۔‘‘ شہباز حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس شخص نے کہا کہ ’’جب آپ اپنے بچوں کو رات میں کھانا نہیں دے سکتے تو آپ اس ملک کو برباد کرنا شروع کر دیتے ہیں۔‘‘