امریکہ کے کیلیفورنیا میں برفیلے طوفان نے تباہی کا عالم پیدا کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس طوفان کی زد میں آ کر 9 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ 100 سے زائد لوگوں کو ریسکیو کر محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے۔ طوفان سے پیدا مشکل حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیلیفورنیا کے 13 شہروں میں ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ لوگ اپنے اپنے گھروں میں قید ہیں اور خراب موسم میں بہتری کا انتظار کر رہے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کیلیفورنیا میں برفیلے طوفان کے سبب بجلی بحران بھی پیدا ہو گیا ہے۔ برف باری کی وجہ سے 70 ہزار سے زیادہ گھروں میں بجلی گل ہو گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے پیشین گوئی کی ہے کہ آئندہ 2 دنوں میں 18 سے 24 انچ تک برف باری ہو سکتی ہے۔ یعنی دو دنوں تک کیلیفورنیا میں حالات بہتر ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں قید ہو چکے لوگوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس درمیان مقامی افسران کا کہنا ہے کہ اس ہفتہ ہوئی ریکارڈ بارش اور دسمبر-فروری میں برف باری کے سبب کیلیفورنیا میں خشک سالی کے مسائل کم دیکھنے کو ملے ہیں۔ غور طلب ہے کہ امریکہ کے نیشنل اوشنک اینڈ ایٹماسفیئرک ایڈمنسٹریشن نے جمعرات کو ڈراٹ میپ جاری کیا تھا۔ اس کے مطابق کیلیفورنیا کا تقریباً 17 فیصد علاقہ خشک نہیں تھا۔ باقی بچے علاقے کے ایک تہائی حصہ کو بھی خشک قرار نہیں دیا گیا۔