الحمدللہ بروز جمعہ (3 مارچ 2023) مرکز دارالہدى اڈپى کى دوسری برانچ کا ہندوستان کے تاریخى شہر حیدرآباد میں افتتاح ہوا۔ افتتاحى تقریب میں متعدد علمائے کرام بالخصوص اڈیشہ اور تلنگانہ کے سابق امیر جمیعت اہل حدیث شامل ہوئے۔ سبھی نے دارالہدى کى خدمات کو سراہتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مرکز دارالہدی اپنی ٹیم کا ممنون و مشکور ہے جن کی انتھک محنتوں سے چند دنوں میں ہی مکتبہ کا افتتاح عمل میں آیا۔ بڑی ناسپاسی ہوگی اگر فضیلۃ الشیخ دکتور عبدالمقيت صاحب کو خراج تحسین پیش نہ کریں، جنھوں نے 16 سالوں کی جمع کردہ اپنی تمام کتابیں مکتبہ کو عنایت کیں۔
افتتاحی اجلاس کی صدارت فضیلۃ الشیخ طٰہ سعید خالد عمری مدنی نے فرمائی۔ انھوں نے اخلاص اور جماعت سے جڑ کر کام کرنے کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ ساتھ ہی دکتور پرویز مدنی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی کہ اس عظیم کام کے لیے حیدرآباد کا انتخاب کیا گیا جس میں کثرت سے علماء و باحثین موجود ہیں جو اس مکتبہ سے مستغنی نہیں ہو سکتے۔
بطورِ مہمان خصوصی شیخ شفیق عالم جامعی (امیر، شہری جمعیت اہل حدیث حیدرآباد و سکندرآباد )، شیخ عبدالرحیم مکی، شیخ عبدالصمد عمری و دیگر علماء شریک ہوئے۔ شیخ عبدالصمد کی تلاوتِ کلام پاک سے اجلاس کا آغاز ہوا، پھر مشائخ نے اپنے اپنے تاثرات پیش کیے۔ مرکز کا مختصر تعارف شیخ ابو جمانہ پرویز عالم عمری نے پیش کیا۔ شیخ شیبۃ الحمد مدنی نے آخر میں تمام علماء کا تہہ دل سے ہدیہ تشکر پیش کرتے ہوئے مجلس کے اختتام کا اعلان کیا۔
(پریس ریلیز)