دہلی سے ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے جو موضوعِ بحث بن گیا ہے۔ گزشتہ دنوں ایک آن لائن فوڈ ڈیلیوری بوائے کو اپنی ملازمت سے اس لیے ہاتھ دھونا پڑا کیونکہ اس نے مندر احاطہ میں ’مٹن قورمہ‘ کی ڈیلیوری سے انکار کیا تھا۔ جب اس بات کی خبر مندر کے پجاری کو ہوئی تو اس نے کچھ دیگر پجاریوں کو جمع کیا اور ڈیلیوری بوائے کے عمل پر اسے انعام و اعزاز سے نوازا۔

معاملہ کشمیری گیٹ واقع مشہور مرگھٹ بابا ہنومان مندر کا بتایا جاتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہاں یکم مارچ کو مندر احاطہ کے گیٹ پر آن لائن فوڈ کمپنی ’سویگی‘ کا ڈیلیوری بوائے سچن پانچال مٹن قورمہ کا آرڈر لے کر پہنچا۔ گیٹ کے باہر کھڑے ہو کر سچن نے کسٹمر کو کال کیا اور مندر احاطہ سے باہر آنے کی گزارش کی۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ خریدار نے مٹن قورمہ مندر احاطہ کے اندر پہنچانے کی ضد کی۔ اس پر ڈیلیوری بوائے سچن نے انکار کر دیا۔ بعد ازاں سویگی نے یہ دلیل پیش کرتے ہوئے سچن کو کمپنی سے نکال دیا کہ اس کا کام آرڈر کو منزل تک پہنچانا ہے جو اس نے نہیں کیا۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈیلیوری بوائے سچن کی کسٹمر کیئر ہاٹ لائن پر کافی دیر تک بحث ہوئی تھی۔ آخر میں سچن نے واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ جہاں بھگوان ہنومان کے لیے پرساد تیار کیا جاتا ہے وہاں مجھے مٹن پہنچانے کہا جا رہا ہے، وہ ادھرمی ہے، میں یہ ڈیلیوری نہیں کر سکتا۔