نیوزی لینڈ کے بعد گزشتہ دنوں انگلینڈ کے ذریعہ بھی پاکستان کا دورہ رد کیے جانے سے پاکستان میں کافی مایوسی کا عالم ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے دورہ رد کیے جانے کے بعد اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کیا تھا۔ انھوں نے آئندہ ٹی-20 عالمی کپ میں میدان پر اس کا بدلہ لینے کا عزم بھی ظاہر کیا تھا۔ اب انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے چیئرمین ایان واٹمور نے مرد و خواتین ٹیم کے پاکستان دورہ رد کرنے کو لے کر پاکستان سے معافی مانگی ہے۔
واٹمور نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے معافی مانگنے کے ساتھ ساتھ اس بات کی یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ انگلینڈ ٹیم اگلے سال تین ٹیسٹ اور پانچ ونڈے میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔ انھوں نے ایک بیان جاری کر کہا کہ ’’مجھے ان لوگوں کے لیے بہت افسوس ہے جو ہمارے فیصلے سے مایوس ہیں۔ ای سی بی نے جو فیصلہ لیا وہ بے حد مشکل تھا اور بورڈ نے یہ فیصلہ ہمارے کھلاڑیوں اور ملازمین کی سیکورٹی کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت کو دھیان میں رکھتے ہوئے لیا تھا۔‘‘
واٹمور کا یہ بھی کہنا ہے کہ ای سی بی نے دورہ رد کرنے کا فیصلہ لیتے وقت انگلینڈ کے کھلاڑیوں سے مشورہ نہیں کیا۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا کہ آئندہ سال پاکستان کے ایک مناسب اور مقررہ دورے کی سفارش کی گئی ہے۔ اس میں کچھ وقت لگے گا، لیکن ہم منصوبہ کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔