دوشنبہ، تاجکستان: سفارت خانہ ہند، دوشنبہ میں اردو کے ممتاز ڈراما نگار جاوید دانش کے اعزاز میں ایک ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سفیر ہند ویراج سنگھ نے فرمائی۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ’’جاوید دانش ایک منفرد فنکار ہیں۔ ان کا سولو ڈراما ’ہاں میرا رضی آٹسٹک ہے‘ ایک سماجی ڈراما ہے، جو ہمیں معذور بچوں سے محبت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ ‘‘
جاوید دانش نے اس موقع پر سفارت خانہ ہند، اساتذہ اور طلبا و طالبات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہندوستان کی تہذیبی اقدار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان صدیوں سے امن اور بھائی چارگی کا پیامبر رہا ہے۔ یہاں کی مشترکہ تہذیب ہمیشہ سے جگ ظاہر ہے۔ جاوید دانش نے اپنا سولو ڈراما ’ہاں میرا رضی آٹسٹک ہے‘ بھی منفرد انداز میں پیش کیا جسے سبھی نے پسند کیا۔
پروگرام کے آغاز میں سفیر ہند نے جاوید دانش کا شال پیش کر استقبال کیا اور پدم شری رجب حبیب اللہ نے تاجکستان کی روایتی ٹوپی پیش کی۔ پروفیسر مشتاق صدف نے نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ان کا مختصر تعارف پیش کیا اور انہیں عصر حاضر کا ممتاز ڈراما نگار قرار دیا۔ علاوہ ازیں شیریں ماہ نے ان کے ڈرامے کا تاجکی ترجمہ پیش کیا جبکہ پروفیسر قربان حیدر نے تمام شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔ اس تقریب میں ڈاکٹر علی خان، صباحت، دنیش بھاردواج، ڈاکٹر سرور، ڈاکٹر اہتم شاہ کے علاوہ تاجک نیشنل یونیورسٹی اور تاجک انٹرنیشنل فورین یونیورسٹی آف لینگویجز کے طلبا و طالبات نے بطور خاص شرکت کی۔