نوجوان ڈاکٹر سیف الرحمن کو آج (18 جون) دہلی میں ’بیسٹ میڈیکو ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔ یہ تقریب فائماکان (FAIMACON) کے ذریعہ ’ہوٹل لی میریڈین‘ میں منقعد کئی گئی تھی جس میں ڈاکٹر سیف الرحمن کو نیشنل ہیلتھ ایکسیلنس کے طور پر مذکورہ ایوراڈ دیا گیا۔ انھیں یہ ایوارڈ دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج کے دست مبارک سے پیش کیا گیا۔
تقریب میں وزیر صحت نے ڈاکٹر سیف الرحمن کی طبی خدمات کی تعریف کی اور انھیں بہتر مستقبل کے لیے دعاء دی۔ ساتھ ہی شعبۂ طب سے منسلک ڈاکٹروں کی تنظیم فائماکان نے بھی ڈاکٹر سیف الرحمن کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی خدمات آگے بھی یونہی جاری رکھیں گے۔ ان کی اس کامیابی پر شعبۂ طب سے جڑے لوگ انھیں لگاتار مبارکبادیاں پیش کر رہے ہیں۔ سیاسی و سماجی شخصیات بھی انھیں ’بیسٹ میڈیکو ایوارڈ‘ دیے جانے پر اظہارِ خوشی کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر سیف الرحمن کے بڑے بھائی اور ’رحیق گوبل اسکول‘ (شاہین باغ، دہلی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظل الرحمن تیمی نے ان کی کامیابی کو نیک فال بتایا ہے۔ ساتھ ہی مکہ مکرمہ سے امام حرم کے ترجمان ڈاکٹر حفظ الرحمن نے اس کامیابی کو ملت کے لیے قابل فخر ٹھہرایا ہے۔ ’کرپس ہاسپیٹل‘ کے چیئرمین امتیاز نورانی نے بھی انھیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ’’وہ محنتی اور مخلص ہیں، ان شاء اللہ وہ مستقبل میں طبی دنیا میں تاریخی کارنامہ انجام دیں گے۔‘‘ علاوہ ازیں مشہور ماہر تعلیم خلیق الزماں نصرت نے اسے صوبہ بہار کے ایک فرزند کی تاریخی کامیابی قرار دیا۔