نئی دہلی: ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سوسائٹی کے تحت جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کیمپس میں چلنے والے چائلڈ گائیڈنس سینٹر میں سوسائٹی کی سکریٹری جنرل اور فیکلٹی آف ایجوکیشن کی ڈین پروفیسر سارہ بیگم کی صدارت میں بین الاقوام یوگا ڈے منایا گیا۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد اسجد انصاری (اسسٹنٹ پراکٹر، جامعہ ملیہ اسلامیہ) نے بطور مہمان اعزازی شرکت کی۔
اس موقع پر سب سے پہلے خصوصی زمرے کے بچوں، ان کے والدین اور سبھی اسٹاف ممبران کو یوگا ٹرینر محمد نسیم نے یوگا کرایا اور اس کے فوائد سے آگاہ کیا۔ سکریٹری جنرل پروفیسر سارہ بیگم نے اپنے صدارتی خطاب میں آج کی پیچیدہ اور تناؤ سے بھری ہوئی زندگی سے دباؤ کو ختم کرنے اور ذہنی و جسمانی صحت کو معمول پر رکھنے میں یوگا کی اہمیت کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ یوگا ہماری زندگیوں میں ایک عمدہ طرز زندگی اور ڈسپلن کو فروغ دیتا ہے۔ ڈاکٹر محمد اسجد انصاری نے اس موقع پر اساتذہ کی کوششوں کی تعریف کی اور انھیں سماج کا حقیقی معمار قراردیا۔
اس موقع پر چائلڈ گائیڈنس سینٹر کی ڈائریکٹر صبا ایوب نے سبھی حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کی کامیابی پر طلبا اور ان کے والدین کی کوششوں کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر حسین میموریل سوسائٹی ایک خیراتی ادارہ ہے جس کا نظم و نسق جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پاس ہے۔ اس سینٹر پر خصوصی زمرے کے بچوں کے لیے مفت ٹریننگ، اسپیچ تھیراپی، گائیڈنس، نفسیاتی تشخیص اور دیگر تربیتی پروگرام تربیت یافتہ اساتذہ کے ذریعے چلائے جاتے ہیں۔