دوشنبہ، تاجکستان: یوم ہندی ہر سال 14 ستمبر کو منایا جاتا ہے لیکن رواں سال تاجکستان میں یوم ہندی تقریب کا انعقاد 21 اکتوبر کو شعبہ ہندی-اردو، تاجک نیشنل یونیورسٹی کے زیر اہتمام اور ہندوستانی سفارت خانہ کے اشتراک سے عمل میں آیا۔ اس کی صدارت تاجک نیشنل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر خوش وقت زادہ قابل جان نے کی اور مہمان خصوصی کی حیثیت سے ہندوستان کے سفیر عالی جناب ویراج سنگھ نے شرکت کی۔
اس موقع پر یونیورسٹی میں ایشیا اور یوروپی زبانوں کی فیکلٹی کے ڈین پروفیسر شودیوف رستم نے تعارفی اور استقبالیہ کلمات پیش کیے۔ سفیر ہند ویراج سنگھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہندی ہندوستان کی ایک مقبول ترین زبان ہے اور اس کے بولنے والوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، جو ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ دنیا کے بیشتر ممالک میں ہندی بولنے والے موجود ہیں۔
صدر جلسہ پروفیسر خوش وقت زادہ قابل جان نے تاجکستان اور ہندوستان کے باہمی مضبوط رشتہ پر اظہار خیال کیا اور کہا کہ ہندی زبان ہندوستان کی ایک مضبوط شناخت ہے۔ پدم شری پروفیسر رجبوف حبیب اللہ نے ہندی کی شعری اور نثری روایت کے استحکام پر خصوصی نظر ڈالی۔ ڈاکٹر مشتاق صدف (وزیٹنگ پروفیسر، ہندی-اردو، آئی سی سی آر چیئر، تاجک نیشنل یونیورسٹی) نے اس موقع پر کہا کہ ہندی دنیا کی بڑی زبانوں میں سے ایک ہے جس کا مستقبل بہت روشن ہے۔ اس تقریب میں پروفیسر رجب حبیب اللہ کی دو نئی کتابوں ’جہیز عروس‘ اور ’بھارت کو ضرور دیکھنا ہے‘ کا اجرا بھی بدست سفیر ہند عمل میں آیا۔