الحکمہ فاؤنڈیشن کی جیت پور یونٹ نے علاقے میں متحرک علماء، حفاظ، قراء، مکتب کے مدرسین اور ائمہ و مؤذنین کے لیے ایک بہترین پیش رفت کی ہے۔ ان کے لیے تین مہینے پر محیط انگلش اسپیکنگ اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کورس شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد ہے اُن کے اندر انگریزی بول چال کی صلاحیت پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اُن کی شخصیت کو نکھارنا۔
اس کورس کی افتتاحی تقریب کا آغاز الحکمہ کے ہی ایک طالب علم حافظ محمد ساجد نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔ بعد ازاں سماجی کارکن جناب تنویر احمد نے فی زمانہ انگریزی زبان کی اہمیت اور افادیت پر گہرائی سے روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمود عاصم ندوی نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے پرسنالٹی ڈیولپمنٹ یعنی اپنی شخصیت کو نکھارنے کے اوپر بات کی۔ ڈاکٹر محمود نے کہا کہ اس وقت علماء کے لیے انگریزی سیکھنا اور کمیونکیشن اسکل عمدہ کرنا وقت کی بہت ضروری ہے۔
اس تقریب کی صدارت سابق پروفیسر جناب حفیظ الدین نے کی۔ انھوں نے صدارتی خطاب میں انگریزی کی اہمیت پر گفتگو کی اور طلباء کو انگریزی سیکھنے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب کی نظامت ڈاکٹر محسن عتیق خان ندوی کی اور شکریہ کے کلمات کورس کے کنوینر اور فاؤنڈیشن کے نائب صدر ڈاکٹر محفوظ عالم ندوی نے ادا کیے۔ اس تقریب میں جناب نجم الہدی خان ندوی، ڈاکٹر ظفیر ندوی، ڈاکٹر رفیع سلفی اور دیگر اساتذہ و طلباء نے شرکت کی۔ سبھی نے انگلش اسپیکنگ اور پرسنالٹی ڈیولپمنٹ سے متعلق فاؤنڈیشن کی پیش رفت کو سراہا۔