دوشنبہ، تاجکستان: آج یہاں ہندوستان کے عظیم رہنما سوامی وویکانند کے یوم پیدائش کے موقع پر شعبہ ہندی-اردو، تاجک نیشنل یونیورسٹی، دوشنبہ کے زیر اہتمام ’سوامی وویکانند اور ان کا فلسفہ حیات‘ موضوع پر ایک توسیعی خطبہ منعقد ہوا۔ یہ خطبہ تاجک نیشنل یونیورسٹی میں آئی سی سی آر کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے پیش کیا۔ جلسہ کی صدارت پدم شری پروفیسر ڈاکٹر رجب حبیب اللہ نے کی، جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر ڈین فیکلٹی آف ایشین اینڈ یوروپین لینگویجز ڈاکٹر سعید علی زادہ شادمان نے شرکت کی۔ خیرمقدمی کلمات سے صدر شعبہ ڈاکٹر قربان حیدر نے نوازا۔
پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے اپنے خطبہ میں کہا کہ ’’سوامی وویکانند جیسی روحانی شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے۔ انھوں نے ہندوستانی قوم پرستی کے جذبے کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ سوامی وویکانند نے ہندوستان کے ثقافتی اور مذہبی ورثے پر فخر کرنے کا پیغام دیا نیز ہمدردی، رجائیت، ایمان، یقین اور ذہن سازی پر اصرار کیا۔‘‘ ڈاکٹر مشتاق صدف نے مزید کہا کہ سوامی وویکانند نے نوجوانوں میں ترقی کو یقینی بنانے کے لیے نئے جوش و جذبے کو پروان چڑھایا۔ یہی وجہ ہے کہ ہندوستان ان کے یوم پیدائش کو ’قومی یوتھ ڈے‘ کے طور پر مناتا ہے۔
پروفیسر رجب حبیب اللہ نے صدارتی تقریر میں کہا کہ سوامی وویکا نند بنی نوع انسان کی بے لوث خدمت میں یقین رکھتے تھے۔ ان کے فلسفے سے مغربی دنیا بہت متاثر ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر علی خان کے علاوہ ہندی، اردو کے طلبا و طالبات کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔