اکتوبر 2021 کی پہلی تاریخ ایک طرف جہاں مرکزی حکومت کے لیے خوشخبری لے کر آئی، وہیں عوام کے لیے آج کا دن آنسو بہانے والا ثابت ہوا۔ ایسا اس لیے کیونکہ ستمبر ماہ میں جی ایس ٹی کلیکشن بڑھ کر 1.17 لاکھ کروڑ روپے ہونے کی خبر سامنے آئی ہے جو مرکزی حکومت کے لیے اطمینان بخش ہے۔ کورونا بحران میں کئی طرح کے مسائل کا سامنا کر رہی حکومت کے لیے جی ایس ٹی کلیکشن بہت بڑا سہارا ہے۔ اگست ماہ میں جی ایس ٹی کلیکشن 1.12 لاکھ کروڑ روپے تھا، یعنی ستمبر ماہ میں تقریباً 5 ہزار کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔ حکومت کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ ستمبر 2020 کے مقابلے ستمبر 2021 میں جی ایس ٹی کلیکشن 23 فیصد زیادہ ہوا ہے۔
بہرحال، عوام کے لیے بری خبر یہ ہے کہ ایل پی جی گیس سلنڈر کی قیمت میں پھر اضافہ کیا گیا ہے۔ یعنی مہنگائی کسی بھی صورت کم ہوتی ہوئی نظر نہیں آ رہی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق انڈین آئل کارپوریشن (آئی او سی) نے 19 کلو گرام کمرشیل گیس سلنڈر کی قیمت میں فی سلنڈر دہلی میں 43.50 روپے، کولکاتا میں 35 روپے، ممبئی میں 35.50 روپے، اور چنئی میں 36.50 روپے کا اضافہ کیا ہے۔ اچھی بات یہ ہے کہ 14.2 کلو گرام کے بغیر سبسیڈی والے رسوئی گیس سلنڈر کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔ ویسے ستمبر ماہ میں ہی تیل کمپنیوں نے گھریلو رسوئی گیس سلنڈر کی قیمت میں 25 روپے کا اضافہ کیا تھا۔