اردو داں حلقہ کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوانوں کی ایک چھوٹی ٹیم نے ’خبریں 250 الفاظ میں‘ نیوز ایپ تیار کیا ہے جسے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے صدر شعبۂ اردو پروفیسر شہزاد انجم نے آج لانچ کیا۔ اس موقع پر انھوں نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ اردو میں نیوز ایپ لانچ کرنا انتہائی خوش کن ہے۔ پہلی بات تو یہ کہ اردو میں نیوز ایپ کی کمی شدت سے محسوس کی جا رہی تھی، اور دوسری یہ کہ ہر خبر 250 الفاظ پر مشتمل ہوگی تو لوگوں کا وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔
نیوز ایپ کی لانچنگ کے لیے منعقد چھوٹی لیکن پروقار تقریب میں قومی آواز (اردو، ڈیجیٹل) کے ڈیسک ایڈیٹر تنویر احمد بھی موجود تھے۔ انھوں نے اس بات کی طرف لوگوں کی توجہ دلائی کہ نیوز ایپ استعمال میں بہت آسان ہے جس کا فائدہ اردو جاننے والے چھوٹے بچوں، نوجوانوں اور ضعیفوں کو بھی پہنچے گا۔ مہاتما گاندھی کے یوم پیدائش پر یہ اردو داں حلقہ کے لیے بہترین تحفہ ہے۔
’خبریں 250 الفاظ میں‘ نیوز ایپ تیار کرنے والے محمد آزاد نے ایپ کے تعلق سے بتایا کہ لانچنگ کے بعد اسے گوگل پلے پر ڈال دیا گیا ہے جو ریویو کے بعد دو سے تین دنوں میں سبھی کے لیے دستیاب ہوگا۔ گوگل پلے پر اسے ’Urdu News‘ یا ’اردو نیوز‘ لکھ کر سرچ کیا جا سکے گا۔ اس موقع پر سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے استاذ ڈاکٹر آفتاب احمد، محترم شہنواز حیدر شمسی، سعداللہ سعد وغیرہ بھی موجود تھے۔