اتر پردیش میں آئندہ سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور اس کو لے کر ریاست میں سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ ہر چھوٹی بڑی پارٹی نے انتخابات کو لے کر لائحہ عمل تیار کرنا شروع کر دیا۔ اس درمیان سبکدوش آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکر نے جلد ہی اپنی خود کی سیاسی پارٹی شروع کرنے کا اعلان کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔ پارٹی کے لیے ’ادھیکار سینا‘ نام کی تجویز پیش کرتے ہوئے ٹھاکر نے اپنے حامیوں سے کہا ہے کہ اگر وہ چاہیں تو مزید کوئی بہتر نام پیش کر سکتے ہیں، ساتھ ہی امیتابھ نے بتایا کہ پارٹی کی تشکیل کا عمل بہت جلد شروع ہو جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ 2021 کے شروع میں ہی یوگی حکومت کے ذریعہ سروس سے ’جبراً سبکدوش‘ کیے گئے امیتابھ ٹھاکر پہلے ہی آئندہ اسمبلی الیکشن میں گورکھپور سے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف لڑنے کا ارادہ ظاہر کر چکے ہیں۔  اب جب کہ انھوں نے اپنی نئی پارٹی بنانے کا اعلان بھی کر دیا ہے، تو یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ بی جے پی کے علاوہ دیگر پارٹیوں پر اس کا کیا اثر پڑے گا۔

یہاں قابل غور بات یہ ہے کہ سابق آئی پی ایس افسر امیتابھ ٹھاکر کو پہلے ہی سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے ذریعہ پارٹی میں شامل ہونے کے لیے مدعو کیا جا چکا ہے، اور پیس پارٹی سربراہ نے بھی آئندہ انتخابات میں ان کی امیدواری کی حمایت کی پیش کش کی ہے۔