مرکز کی مودی حکومت میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور پٹرول و ڈیزل کی لگاتار بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بھی اضافہ درج ہو رہا ہے۔ ایسی صورت میں جب کہ ملک کے بڑے شہروں میں پٹرول کی قیمت 100 روپے فی لیٹر سے زیادہ ہو گئی ہے، اپوزیشن پارٹیوں کا مرکزی حکومت پر حملہ کافی بڑھ گیا ہے۔ خصوصی طور پر کانگریس اس مہنگائی کے خلاف جگہ جگہ دھرنا و مظاہرہ کرتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ اس درمیان کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ’اچھے دن‘ والے جملہ کو لے کر طنز آمیز ٹوئٹ کیا ہے۔
راہل نے اپنے تازہ ٹوئٹ میں صرف ’اچھے دن‘ کو ہی نہیں، بلکہ ’وِکاس‘ کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’مہنگائی کا وِکاس (ترقی) جاری، ’اچھے دن‘ دیش پہ بھاری، پی ایم کی بس متروں کو جوابداری!‘‘ ظاہر ہے راہل گاندھی نے بڑھتی مہنگائی پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف یہی ہے جس کی ترقی ہو رہی ہے اور بقیہ حالات فکر انگیز ہیں۔ راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کی پالیسیوں کو عوام مخالف ٹھہراتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ وہ صرف اپنے (امیر) دوستوں کا ہی خیال رکھتے ہیں اور ان کے حق میں پالیسیاں بناتے ہیں۔ واضح رہے کہ راہل گاندھی اور کانگریس لیڈران پہلے بھی مرکز پر اس طرح کے الزامات عائد کرتے رہے ہیں کہ وہ صرف امبانی-اڈانی جیسے لوگوں کا بھلا سوچتے ہیں، عوام کا نہیں۔