اڈیشہ میں کھیل کو فروغ دینے کے لیے نوین پٹنائک حکومت نے 693.35 کروڑ روپے خرچ کر کے 89 اِن ڈور اسٹیڈیم بنانے کا اعلان کیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ سبھی اسٹیڈیم کثیر المقاصد ہونگے اور وبا کے ساتھ ساتھ سیلاب وغیرہ قدرتی آفات کے دوران اسٹیڈیم کا بھرپور استعمال کیا جائیگا۔ وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک کی صدارت میں آج ہوئی ایک میٹنگ کے دوران یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔

ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ تقریباً 18 ماہ میں یہ سبھی اسٹیڈیم بن کر تیار ہو جائیں گے اور اس کا استعمال وبا اور قدرتی آفت کے دوران ضرورت کے حساب سے اسپتالوں کی شکل میں بھی کیا جا سکے گا۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ 89 کثیر المقاصد اِن ڈور اسٹیڈیم ریاست کے سبھی شہری علاقوں میں تعمیر کیے جائیں گے تاکہ آنے والے وقت میں بین الاقوامی سطح پر ملک کا پرچم لہرانے کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کیا جا سکے۔

بتایا جاتا ہے کہ ان اسٹیڈیم میں بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، یوگا، جمنازیم وغیرہ کی سہولت ہوگی، اور  سبھی اسٹیڈیمس کو 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوا کو برداشت کرنے لائق بنایا جائے گا۔ اسٹیڈیمس میں طلبا کو یوگا اور دیگر جسمانی ورزش سے متعلق ٹریننگ کی سہولت موجود ہوگی۔ کھلاڑیوں کو یہاں زمینی سطح پر پروفیشنل کوچنگ دی جائے گی۔ اڈیشہ کے وزیر برائے ماہی پروری ارون ساہو نے کہا کہ ’’کثیر المقاصد اسٹیڈیم کی تعمیر ہمارا خواب تھا۔ اس کے لیے وزیر اعلیٰ کا بہت شکرگزار ہوں۔‘‘