ہندوستان کے ابھرتے ہوئے تیز گیندباز محمد سراج اپنی گیندبازی سے تو سبھی کو متاثر کر ہی رہے ہیں، اپنی حاضر جوابی کے لیے بھی انھیں تعریف مل رہی ہے۔ دراصل ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین لیڈس میں کھیلے گئے تیسرے ٹسٹ میں ہندوستانی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس سے قبل جب پہلی اننگ میں پوری ٹیم محض78 رن پر آوٹ ہوگئی تھی، اور انگلینڈ کی مضبوط پوزیشن سے اس کے شائقین کافی خوش تھے، تو گیندبازی کے بعد باؤنڈری پر فیلڈنگ کرنے گئے محمد سراج سے طنزیہ انداز میں پوچھا کہ اسکور کیا ہوا ہے؟ اس سوال پر محمد سراج نے حاضر جوابی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہندوستان سیریز میں 0-1 سے آگے ہے‘‘۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ محمد سراج پر انگلینڈ کے شائقین نے فیلڈنگ کے دوران گیند بھی پھینکی تھی۔ پہلے دن کا میچ ختم ہونے کے بعد ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت نے اس تعلق سے انکشاف کیا تھا کہ فیلڈنگ کے دوران تیز گیندباز محمد سراج پر شائقین نے گیند پھینکی تھی۔ اس کے بعد ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کافی غصے میں تھے اور انہوں نے سراج کو گیند باہر پھینکنے کے لئے کہا تھا۔ پنت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ آپ جو بھی کہنا چاہتے ہیں کہہ سکتے ہیں، لیکن فیلڈرز پر چیزیں پھینکنا درست نہیں ہے۔ واضح رہے کہ پہلے بھی کئی بار ہندوستانی کھلاڑیوں کو ملک سے باہر اس طرح کی حرکتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔