نیوزی لینڈ میں کورونا ویکسین لینے کے بعد پیدا سائیڈ افیکٹس سے پہلی موت واقع ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ ’فائزر‘ کورونا ویکسین لینے والی ایک خاتون کی موت ہو گئی ہے، حالانکہ وزارت نے اس تعلق سے کچھ بھی نہیں بتایا ہے کہ خاتون کی عمر کیا تھی۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کووڈ-19 ویکسین سیکورٹی نگرانی بورڈ کے جائزہ کے بعد پتہ چلا کہ خاتون کی موت کا سبب مائیکارڈیٹس ہے۔ دراصل مائیکارڈیٹس فائزر کووڈ ویکسین کا ایک سائیڈ افیکٹ تصور کیا جاتا ہے۔
مائیکارڈیٹس سے متعلق بتایا جاتا ہے کہ اس سے دل کے پٹھوں میں سوجن پیدا ہو جاتا ہے جو دل کے نظام کو بری طرح متاثر کرتا ہے۔ اس کی وجہ سے دل کو خون پمپنگ کرنے میں مشکلات درپیش ہوتی ہیں۔ پھر اس سے دھڑکن کی بے ضابطگی کا بھی مسئلہ پیدا ہوتا ہے۔ مائیکارڈیٹس کی وجہ سے دل کے پٹھوں کو آکسیجن والے خون کو پمپ کرنے میں زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے، جو دل کے سوجن کی اہم وجہ بنتی ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے آکلینڈ میں ڈیلٹا ویریئنٹ کی وجہ سے تشویش میں اضافہ ہوا ہے اور دو ہفتوں کے لیے لاک ڈاؤن بھی لگا دیا گیا ہے۔ ورلڈ میٹر کے مطابق نیوزی لینڈ میں کووڈ-19 کے اب تک 3519 معاملے سامنے آ چکے ہیں، جن میں 25 لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ فی الحال نیوزی لینڈ میں 603 کورونا کے سرگرم کیسز موجود ہیں۔