اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی انتخابی مہم زور و شور سے چلا رہے ہیں۔ حالانکہ 6 فروری کو سہارنپور دیہات اور دیوبند کا ان کا دورہ خراب موسم کی وجہ سے رد ہو گیا اور انھوں نے عوام سے معذرت کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی۔ ویڈیو میں انھوں نے کہا کہ سہارنپور اور دیوبند کا دورہ ان شاء اللہ اب وہ 11 فروری کو کریں گے۔ اس درمیان خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ حیدر آباد میں اسدالدین اویسی کی صحت و سلامتی کے لیے 101 بکروں کی قربانی دی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حیدر آباد کے ایک بزنس مین نے 101 بکروں کی یہ قربانی دی اور اویسی کی سلامتی کے لیے اجمتاعی دعاء بھی ہوئی۔ دراصل اتر پردیش کے میرٹھ میں شرپسند عناصر کے ذریعہ اویسی کے قافلہ پر فائرنگ کی گئی تھی۔ اس کے بعد سے ہی اویسی کے چاہنے والے ان کی سلامتی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔ اسی ضمن میں گزشتہ روز 101 بکروں کی قربانی دی گئی۔ اس پروگرام میں مالاکپیٹ رکن اسمبلی اور مجلس لیڈر احمد بلالہ بھی شامل ہوئے تھے۔ قربانی کے بعد بکروں کا گوشت غریبوں میں تقسیم کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ اویسی کے قافلہ پر فائرنگ معاملہ میں پولس نے سچن اور شبھم نامی شخص کو گرفتار کیا ہے۔ پوچھ تاچھ کے دوران ملزمین نے بتایا کہ وہ اویسی اور ان کے بھائی کے بیانات سے ناراض تھے اس لیے اس واردات کو انجام دیا۔