آئندہ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک چلنے والے ٹی-20 عالمی کپ کے لیے ہندوستان نے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ٹیم میں جہاں شکھر دھون، یجویندر چہل اور محمد سراج جیسے کھلاڑیوں کو جگہ نہیں مل پائی ہے وہیں روی چندرن اشون کی تقریباً 4 سال بعد محدود اوور کے کھیل میں واپسی ہوئی ہے۔ تیز گیندباز محمد سمیع فٹنس مسائل کی وجہ سے اوول ٹیسٹ میں نہیں کھیل پائے تھے، لیکن انھیں ٹی-20 عالمی کپ کی ٹیم میں تیز گیندباز جسپریت بمراہ اور بھونیشور کمار کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ اسپن گیندباز کے طور پر راہل چاہر، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل اور ورون چکرورتی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

بی سی سی آئی (بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا) نے 15 رکنی ہندوستانی ٹیم کے علاوہ مزید تین کھلاڑیوں کا نام اسٹینڈ بائی کی شکل میں جاری کیا ہے۔ یہ کھلاڑی ہیں شریئس ایر، شاردل ٹھاکر اور دیپک چاہر۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے اس مرتبہ کووڈ کی وجہ سے 7 اضافی اراکین کو ٹیم میں رکھنے کی اجازت دی ہے۔

بہر حال، ہندوستان کی 15 رکنی ٹیم جو ٹی-20 عالمی کپ کے لیے چنی گئی ہے، وہ اس طرح ہے: وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما (نائب کپتان)، کے ایل راہل، سوریہ کمار یادو، رشبھ پنت (وکٹ کیپر)، ایشان کشن (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، راہل چاہر، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، ورون چکرورتی، جسپریت بمراہ، بھونیشور کمار اور محمد سمیع۔