فلم کوئی مل گیا کے بارے میں تو آپ جانتے ہی ہوں گے۔ اس میں ایک سائنسداں کے ذریعہ بھیجے گئے صوتی سگنل کا جواب دوسری دنیا والوں نے صوتی سگنل کی شکل میں ہی دیا تھا۔ اب ایسا ہی کچھ حقیقت کی شکل اختیار کرتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ یعنی ایلین سے رابطہ کرنے کا خواب اپنی تکمیل کی طرف گامزن ہے۔ ایسا اس لیے کہا جا سکتا ہے کیونکہ سائنسدانوں کو خلاء کے ایک گوشے سے لگاتار زمین کی طرف ریڈیو سگنلز آتے محسوس ہو رہے ہیں۔
کچھ رپورٹس کے مطابق موصول ریڈیو سگنلز کو سائنسدانوں نے ریکارڈ کیا ہے۔ اس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ یہ عام فاسٹ ریڈیو برسٹ (ایف آر بی) سے مختلف ہیں۔ سائنسدانوں نے لگاتار 91 گھنٹے اسی سمت میں ریڈیو ٹیلی اسکوپ سے نگرانی کی جہاں سے سگنلز موصول ہو رہے تھے۔ اتنے گھنٹوں میں سے 82 گھنٹے تک 1863 سگنلز موصول ہوئے۔ یہ سگنلز ہماری زمین سے کافی دور ایک گیلکسی سے آ رہے ہیں جسے چین کے 500 میٹر اپرچر اسفیریکل ریڈیو ٹیلی اسکوپ (فاسٹ) نے پکڑا ہے۔
مذکورہ سگنلز کی تحقیق چین کے پیکنگ یونیورسٹی کے ایسٹرونومر ہینگ شو کر رہے ہیں۔ ہینگ شو کا کہنا ہے کہ اس گیلکسی میں کوئی میگنیٹر یعنی نیوٹرون اسٹار ہے جو یہ ریڈیو سگنلز بھیج رہا ہے۔ اس کے پاس بہت زیادہ میگنیٹک فیلڈ ہے۔ اس معاملے میں لاس ویگاس واقع یونیورسٹی آف نیوادا کی ایسٹروفیزسسٹ بنگ جھانگ نے کہا کہ ان ریڈیو سگنلز نے ہمارے ہوش اڑا دیے۔